فلم : دی لیجنڈ آف مولا جٹ
ملک : پاکستان
زبان : پنجابی
ڈائریکٹر : بلال لاشاری
ڈسٹری بیوٹر : مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ
پاکستانی فلمی صنعت کے 75 سالہ سفر میں، اب تک بننے والی سب سے مہنگی فلم کا نام ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ہے، جو 13 اکتوبر 2022 کو پاکستان سمیت دنیا بھر نمائش پذیر ہوئی اور اب تک دو سوکروڑ سے زائد کا بزنس کرکے پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’مولا جٹ‘ کا سیکوئل یا ری میک تو نہیں ہے، بلکہ اس فلم کے کرداروں پر مبنی ایک نئی کہانی کو تخلیق کرکے ری بوٹ کیا گیا ہے۔ پاکستانی فلمی صنعت میں بننے والی یہ فلم محض ایک فلم ہی نہیں ہے، بلکہ ایک دور ہے ،جس میں پاکستانی فلمی صنعت داخل ہوئی ہے۔
اس اہم موقع پر مہورت مکالمات کی خصوصی سیریز کے تناظر میں مذکورہ فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری سے تفصیلی مکالمہ کیاگیا،ان کے ساتھ ساتھ فلم کے مرکزی کردار نبھانے والے فنکاروں سے بھی گفتگو کی گئی،جن میں فواد خان ،حمزہ علی عباسی،مرزا گوہر رشید اورفلم کے اسکرپٹ رائٹر ناصر ادیب شامل ہیں ،جنہوں نے پرانی فلم”مولاجٹ“بھی لکھی تھی۔